|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2016

کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے اتوار کے روز سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی ، بولان میڈیکل کالج اور آئی ٹی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا، سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس احسن محبوب، کمشنر کوئٹہ قمبر دشتی اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور بولان میڈیکل کالج کے حکام کی جانب سے چیف سیکریٹری کو حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر چیف سیکریٹری نے متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلباء، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے دیگر عملے کی سیکورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے لہذا متعلقہ ادارے اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کو ہر صورت یقینی بنائیں، جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت کی روشنی میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعمیر کئے جانے والے سیکورٹی ٹاورز کو فوری مکمل کر کے ان میں ماہر نشانہ باز سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں، چیف سیکریٹری کاکہنا تھا کہ اپنے بچوں کا تحفظ ہمارے لیے بہت اہم ہے لہذا اس حوالے سے کسی قم کی کوتاہی یامسائل قابل برداشت نہیں ہوگا، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کی ہدایات کی روشنی میں تعلیمی اداروں کے سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔