کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ گوادر پورٹ اور ریکوڈک سمیت بلوچستان کے تمام وسائل بلوچستان ہی کے لیے ہیں جنہیں بلوچستان کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے لانے کے ضمن میں جامع منصوبہ بندی اور بہتر حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے، یہ بات انہوں نے پیر کے روز بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں منعقدہونے والے میڈیا ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی، چیف سیکریٹری نے کہا کہ بحیثیت صوبے کے چیف سیکریٹری کے وہ پورے یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، بلوچستان میں گوادر جیسا عظیم والشان ساحل ہے، جس کی ترقی اور اونچی منازل طے کرنے کے قصے پوری دنیا میں کئے جا رہے ہیں، بلوچستان میں پاک چائنا اقتصادی راہداری ایک حقیقت ہے اور کوریڈور کے مغربی روٹ کو تیزی کے ساتھ عملی جامع پہنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافت دراصل آزادی اظہار کا نام ہے آزاد مگر ذمہ دار میڈیا میں ہی سچ اور حقائق کی روایت کو پروان چڑھا کر پاکستان میں قومی یکجہتی کی بنیادوں کو مضبوط کیا جاسکتا ہے چیف سیکریٹری نے کہا کہ میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے اور ملکی وصوبائی مسائل کے حل نیز قومی یکجہتی کے فروغ میں اس کا کردار نہایت اہم ہے، انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کردار ایک مسلمہ حقیت ہے صحافی اپنی جانوں پر کھیل کر خبر تلاش کرتے ہیں ،آزادی صحافت ملک میں ضروری ہے لیکن ملکی سلامتی اور سا لمیت کیلئے مثبت صحافت کا پروان چڑھنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ایک میڈیا ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس کے ذریعے معاشرے کے تمام مسائل کو نہایت مؤثر طریقے سے حکام بالا تک پہنچایا جاسکتا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ آج میڈیا معاشرتی سوچ کے دائروں کو متعین کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ابلاغیات کو دورحاضر میں کئی میدانوں میں فیصلہ کن حیثیت حاصل ہے کیونکہ میڈیا عوامی رائے کو بنانے یا بگاڑنے کا کام سرانجام دیتا ہے میڈیا مشکلات کے باوجود اپنا کردار ادا کررہا ہے تاہم میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔