|

وقتِ اشاعت :   March 29 – 2016

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی خراب کارکردگی پر پوری قوم سے معافی مانگ لی۔ لاہور میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران وقار یونس نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ کاسمیٹکس سرجری کرنے سے چیزیں ٹھیک نہیں ہوں گی، ہمیں اپنی غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہوگی اور ایمان داری سے کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہورہی اور نہیں معلوم کہ ملک میں کب بین الاقوامی کرکٹ ہوگی، لیکن تب تک ہمیں ڈومیسٹک کرکٹ ٹھیک کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کو دوں گا جس کے بعد امید ہے کہ رپورٹ کی سفارشات پر عمل ہوگا، مسائل سامنے لا کر حل کرنے کا وقت آگیا ہے، اب آنکھیں کھولے بغیر معاملات حل نہیں ہوں گے اور کرکٹ کو سیاست سے الگ کرنا ہوگا۔ وقار یونس نے کہا کہ پہلے بھی پوری ایمانداری سے کام کیا ہے اور آگے بھی کوشش کروں گا تاہم رپورٹ کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں بتاسکتا، گھر کی بات گھر میں ہی رہنی چاہیے، ہمارے جو بھی اختلافات ہیں وہ بورڈ کا اندرونی معاملہ ہے جسے باہر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری کسی ایک شخص پر ڈالنا زیادتی ہوگی، ہمیں معاملے کی تہہ میں جانا پڑے گا اور سوچنا ہوگا کہ ہم میں کیا خامیاں ہیں۔