اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہاہے کہ ڈی چوک میں دھرنے کے شرکاء کے ساتھ بات چیت منطقی انجام کونہ پہنچی توآج (بدھ)کومیڈیاکی موجودگی میں ڈی چوک خالی کرادیں گے ،پوری کوشش ہے کہ معاملہ عدم تشددسے ختم ہوجائے ،جلاؤگھیراؤ،توڑپھوڑاورسیکورٹی اہلکاروں کوزخمی کرنے والوں کوچن چن کرگرفتارکریں گے،اس معاملے میں انتظامی کوتاہیوں کی جانچ پڑتال کیلئے وزارت داخلہ نے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے ،موبائل فون سروس کی بندش پرمعذرت خواہ ہوں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کورات گئے پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اسلام آبادمیں چہلم کی آڑمیں کچھ عناصرنے جلاؤگھیراؤ،توڑپھوڑاورپتھراؤکیااوراس کے نتیجے میں املاک کونقصان پہنچایاگیاہے ،سیکورٹی فورسزکے 40اہلکاروں کوزخمی کیاگیا،ہم نے کئی ویڈیوزمحفوظ کرلی ہیں ،جن کی بنیادپرچن چن کرگرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی ۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ چہلم کے بعدپرامن منتشرہونے کی شرط پرانہیں اجازت دی گئی تھی ،اسی بات پرلوگوں کواسلام آبادآنے دیاگیا،بعض لوگوں نے اپنی زبان اورتحریرکابھی لحاظ نہیں کیا،چہلم کی آڑمیں چندلوگوں نے سیاست شروع کی ،رسولؐنے ہمیشہ معاہدے کی پاسداری کی ،آئندہ اس طرح کے واقعات نہیں ہونے دیں گے ،سیاست کیلئے لاشیں نہیں گرائیں گے ،اگرایک لاش بھی گری تومعاشرہ تقسیم ہوجاتا،ہم نے پولیس کومکمل طورپرغیرمستحکم کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت یقینی بنائے گی کہ آئندہ کیلئے ایسے واقعات رونمانہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہوگی کہ دھرنامذاکرات کے ذریعے سے ختم ہوجائے ،کراچی سے کچھ لوگ یہاں آئے ہوئے ہیں جوانتظامیہ سے دھرناختم کرنے بارے بات کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دھرنے کے خلاف آپریشن کرناکوئی مشکل کام نہیں دھرنے میں بہت سارے معصوم لوگ اکٹھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دھرنے کے پیچھے جولوگ ہیں انہیں بے نقاب اورگرفتارکیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ احتجاج کرنے والے افرادکیلئے7ہزاراہلکارموجودہیں۔