اسلام آباد: وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ مغربی روٹ پر کام تیز رفتاری سے مکمل کر کے تمام صوبوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے، ترقیاتی ایجنڈے سے ملک کی تقدیر بدلیں گے اورپاکستان ایشیا کا ٹائیگر بنے گا ۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ انڈس ہائی وے کے ادھورے سیکشن فوری مکمل کئے جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز وزارت منصوبہ بندی و ترقیات کا دورہ کے موقع پر کیا ہے اوروفاقی وزیر اسحق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی میں تین گھنٹے سے زائد کا وقت گزارا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزارت کیسینئیر افسران کے ہمراہ وزیراعظم کا استقبال کیا، احسن اقبال نے وزیراعظم کو وزارت منصوبہ بندی سے متعلق اموراور پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعظم کو پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری میں شامل وزارت منصوبہ بندی اور دیگر وزارتوں کے افسران کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی جانب سے رواں سال کے ترقیاتی بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں اور اھداف کے حصول کا جائزہ پیش کیا، وزیر اعظم کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور منصوبوں میں شفافیت کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے ترقیاتی بجٹ اور منصوبوں کے بر وقت تکمیل کے لئے اصلاحات کی منظوری دی، وزیر اعظم نے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے سے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بنے گا ۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ انڈس ہاء وی کے ادھورے سیکشن فوری مکمل کئے جائیں ۔ مغربی روٹ پر کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ۔ تواناء کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ 20 ارب روپے سے بڑے منصوبوں کے سربراہ کے لئے سپیشل سکیل بنایا جائے ۔ مارکیٹ سے بہترین ٹیلینٹ شفاف انداز میں بھرتی کیا جائے ۔ پراجیکٹس کی نگرانی کے نظام کو مزید موثر کیا جائے ۔ ایس ڈی جی 2030 اور وڑن 2025 کے اہداف کے لئے وزارت منصوبہ بندی تمام وسائل بروئے کار لائے ۔ احسن اقبال نے وزیر اعظم سے منصوبہ بندی کمیشن کے ممبران کا تعارف کروایا۔