کوئٹہ: بلوچستان میں گزشتہ چار ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز نے 92 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ اٹھارہ سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ کالعدم تنظیموں کے اہم کمانڈروں کی ہلاکت اور بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کی گرفتاری اہم کامیابیاں ہیں۔ایف سی مددگار سینٹر کوئٹہ میں ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ اور ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر محمود کے ہمراہ پریس بریفنگ میں وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ چار ماہ کے بلوچستان بھر میں 417 ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے جس میں کالعدم تنظیموں کے اہم کمانڈر اسلم اچھو اور ڈاکٹر منان سمیت سمیت 92 دہشتگرد مارے گئے۔ اسلم اچھو کالعدم بی ایل اے کے سربراہ حیربیار مری کے بعد دوسرا اہم کمانڈر تھا اور ڈھائی سو سے زائد بے گناہ افراد کو اپنے ہاتھوں سے قتل کیا تھا جبکہ ڈاکٹر منان کالعدم بی ایل ایف کے سربراہ اللہ نذر کے مارے جانے کے بعد سے تنظیم کو چلارہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چار ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 1844 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش کی جاہری ہے۔ جبکہ آپریشنز کے دوران مختلف اقسام کے 820 چھوٹے ہتھیار، 56 پزار 986 ایمونیشن ، 10 ہزار 727 کلو گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ایف سی نے بغیر دستاویزات کے سفر کرنے والے6151تارکین وطن کو گرفتار کرکے مزید کارروائی کیلئے ایف آئی اے اور پولیس کے حوالے کیا۔ اس کے علاوہ ایف سی نے چار مہینوں کے دوران اربوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کی۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم شروع ہی دن سے کہہ رہے تھے کہ بلوچستان میں بھارت کی مدد سے دہشتگردی پھیلائی جارہی ہے۔ بلوچ سب نیشنلسٹ ناراض بلوچ نہیں بلکہ دہشتگرد ہیں۔ بھارتی را ایجنٹ کی بلوچستان سے گرفتاری بھارتی مداخلت کا سب سے بڑا ثبوت ہے ۔ کلبھوشن یادیو سے تحقیقات جاری ہیں۔ ان کے کس سے تعلقات تھے ، کس کو فنڈز دیتا تھا۔ تحقیقات مکمل ہوتے ہی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوجائیگا۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ادارے کے آفیسر کی گرفتاری کا کریڈٹ آئی ایس آئی کو جاتا ہے۔ اس موقع پر ترجمان بلوچستان حکومت انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو بھارتی خفیہ ادارے کا آفیسر تھا۔ کسی ایرانی ایجنسی کا نہیں۔ ایران ہمارا برادر ملک ہے اور اس کی نیت پر کوئی شک نہیں۔ بھارتی خفیہ ادارے نے پاکستان کے خلاف ایرانی سرزمین کا غیر قانونی طور پر استعمال کیا ہے۔