|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2024

پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا، ملک بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔

عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔

 

عام انتخابات کیلئے خصوصی سکیورٹی فیچرز کے حامل 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 عام انتخابات کیلئے 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور اس پر 800 ٹن اسپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا جبکہ 2024 کے عام انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جس پر 2170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے۔

ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران  جاری  پولنگ کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

 

عام انتخابات میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 سے زائد ووٹر حصہ لیں گے

 

ملک بھر میں آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے جن میں 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرز ووٹ دینے کی اہل ہیں۔  مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز میں تقریباً 54 فیصد مرد اور 46 فیصد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 25 سال تک کی عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار 371 نئے ووٹرز رجسٹر ہوئے ہیں، نئے رجسٹرڈ ووٹرز میں خواتین ووٹرز کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے ۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں کا چناؤ کریں گے۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر صوبے کے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔

بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

 

 

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے نتائج کی ترسیل و تدوین کیلئے الیکشن منیجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) استعمال کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی خضر عزیز کا کہنا تھا کہ نتائج کی ترسیل کیلئے پرائیویٹ نیٹ ورک استعمال کیا جا رہا ہے، اس مرتبہ آر ٹی ایس استعمال نہیں ہو رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کو اطمینان دلاتے ہیں کہ الیکشن منیجمنٹ سسٹم ایک اسپیشل سافٹ ویئر ہے، اور یہ سسٹم 859 ریٹرننگ افسران کے دفتر میں دیا ہے، آر او دفتر میں 4 ڈیٹا انٹری آپریٹر، 4 لیپ ٹاپ اور آئی ٹی ایکوئپمنٹ دیے گئے ہیں۔

ڈی جی آئی ٹی نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسران کے موبائل میں بھی ای ایم ایس انسٹال کیا گیا ہے، پریزائیڈنگ افسران  اپنے موبائل پر فارم 45 کی تصویر لے کر ریٹرننگ افسر کو بھیجیں گے، اگر سگنل نہیں آ رہے ہوئے تو جب سگنل آئیں گے تو فارم 45 خودبخود آر او کے پاس پہنچ جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسر کو سیکشن 95 کے تحت آر او کے پاس جانا ہے، پریزائیڈنگ افسر اپنے موبائل پر فارم 45 ریٹرننگ افسر کو دکھا سکتا ہے، فارم 45 پریزائیڈنگ افسر کے موبائل میں خود کار طور پر لاک ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ  آر او فارم 47 بناتے وقت تسلی کرلے گا کہ پریزائیڈنگ افسر کے موبائل میں فارم 45 لاک ہے۔

 

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 کو حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج تعینات کی گئی ہے۔

پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران کو بھی مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں۔

 

عام انتخابات کے موقع پر پورے ملک میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار عام انتخابات میں ڈیوٹی پرتعینات ہوں گے۔

سکیورٹی کیلئے پولیس پہلے درجے پر، پیرا ملٹری فورسز دوسرے درجے، آخری اور تیسرے درجے میں پاک فوج بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان کی پولنگ اسٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہوگی۔

 

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کیلئے خصوصی ہدایات کے تحت پولنگ اسٹیشن کے اردگرد 400 میٹر تک کسی بھی قسم کی مہم کی اجازت نہیں ہوگی۔

نیز اسی حدود میں ووٹرز کو قائل کرنے پر اور ان کو ووٹ ڈالنے اور نہ ڈالنے کی التجا کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کیمپ دیہی آبادیوں میں پولنگ اسٹیشن سے 400 میٹر اور گنجان آبادیوں والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر ہوں گے۔

نوٹ: ذمہ دار پاکستانی شہری ہونے کا ثبوت دیں اور اپنا ووٹ ضرور کاسٹ کریں۔