لاہور: پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہےکہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان آج یا کل تک معاملات طے پا جائیں گے، (ن) لیگ کے ساتھ 16 ماہ اتحاد کرنے کا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا، چاہتےہیں کہ ماضی میں جو مسائل رہے اب مستقبل میں نہ ہوں۔
انہوں کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے منشور میں فرق ہے، پیپلز پارٹی کا منشور اس وقت نافذ ہوگا جب وزیراعظم ان کی پارٹی سے ہوگا، 3 سال اور 2 سال وزیراعظم بننے والا بھی کوئی فارمولا نہیں چلے گا۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم پر پارٹی کا بہت زیادہ پریشر ہے کہ کابینہ کا حصہ بھی نہ بنیں اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے جب کہ آئینی عہدوں کے لیے الیکشن لڑنا ہمارا جمہوری حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیادت بہت جلد وزیراعلیٰ سندھ کے نام کو فائنل کردے گی۔