|

وقتِ اشاعت :   February 20 – 2024

کوئٹہ، :نگراں صوبائی حکومت اور او جی ڈی سی ایل واجب الادا رائلٹی کی ادائیگی کے فارمولے پر متفق ہوگئے ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے بلوچستان میں اوچ فیلڈ کی رائلٹی کی مد میں تین سال سے واجب الادا اربوں روپے کی ادائیگی کا عندیہ دے دیا

ساڑھے بارہ ارب روپے کے واجبات ماہانہ بنیادوں پر حکومت بلوچستان کو ادا کئے جائیں گے حکام کے مطابق نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی جانب سے قومی فورم پر صوبائی حکومت کا اصولی موقف سامنے آنے پر او جی ڈی سی ایل نے رائلٹی کی مد میں حکومت بلوچستان کو گزشتہ تین سال کے واجبات کی ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کردی ہے

جس کے بعد فریقین کے مابین ادائیگی کا فارمولا طے پایا ہے حکام کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے برقی خریدار کمپنیوں کے زیر گردشی قرضوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث ستمبر 2021 سے حکومت بلوچستان کو رائلٹی کی ادائیگی روک رکھی تھی جس پر نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے یہ معاملہ قومی فورم پر اٹھایا تھا

جس پر او جی ڈی سی ایل نے نگراں صوبائی حکومت کے موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے تین سال سے واجب الادا اربوں روپے کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کردی ہے واجب الادا رائلٹی کی یہ رقم ماہانہ بنیادوں پر حکومت بلوچستان کو ادا کی جائے گی نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے او ڈی سی ایل اور صوبائی حکومت کے مابین تین سال سے زیر التواء رائلٹی کے تصفیہ طلب امور باہمی رضا مندی اور افہام و تفہیم سے طے ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ قومی فورم پر بلوچستان کا موقف تسلیم کرانے میں کامیاب رہے ہیں

صوبے میں کام کرنے والی کمپنیاں قوانین کے مطابق رائلٹی کی ادائیگی کے پابند ہیں اور یہ وسائل عوام کی سماجی و معاشرتی بہبود اور معیار زندگی بلند کرنے کے لئے استعمال ہوں گے رائلٹی بلوچستان کا حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت نے او جی ڈی سی ایل کے ذمہ اوچ فیلڈ کی رائلٹی کے معاملے کو پورے دلائل کے ساتھ متعلقہ قومی فورم پر اٹھایا اور اللہ تعالٰی کے فضل و کرم سے ہم تین سال سے زیر التواء رائلٹی کی رقم بلوچستان کو دلوانے میں کامیاب رہے ہیں