|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان میں موٹر وے پولیس کو مزید فعال بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے میں دیگر شعبوں کی بہتری اور ترقی کے تناظرمیں وزیراعلیٰ موٹر وے پولیس کو بھی جدید سہولتوں اور مواصلاتی نظام سے آراستہ ادارہ بنانا چاہتے ہیں جس سے اس کی استعداد کار میں اضافہ ہوسکے اور اس ادارہ کو صوبے میں بڑھتے ہوئے روڈ نیٹ ورک اور مستقبل قریب میں اقتصادی راہداری کے ذریعہ بھاری ٹریفک اور مال بردار گاڑیوں کو صوبے سے گذارنے کے ساتھ ساتھ صوبے کی قومی شاہراہوں پر عمومی ٹریفک کے نظام کی بہتری کے ذریعہ حادثات پر قابو پانے کے قابل بنایا جاسکے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے موٹر وے پولیس کی افرادی قوت میں اضافہ اور اہلکاروں کو ٹریفک کنٹرول کرنے کے جدید طریقہ کار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تربیت کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی جانب سے آئی جی پولیس کو جامع سفارشات تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس پر عملدرآمد کیلئے وسائل حکومت فراہم کرے گی۔