|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2024

نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پہاڑوں پر بیٹھے لوگ مرکزی دھارے کا حصہ بنیں، حقوق بندوق سے نہیں پارلیمان سے ملیں گے۔

 بلوچستان اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہاں بیٹھے تمام لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بڑے چیلنجزکا سامنا کر رہا ہے، بلوچستان کو گورننس، دہشت گردی اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پیپلزپارٹی ہی بچا سکتی ہے، ہم دن رات محنت کریں گے، ایک لمحہ بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی سیاست ملک کی ضرورت ہے، تعلیمی سیکٹر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، 18ویں ترمیم کے بعد تمام ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے، مِل کر گورننس سسٹم کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریاستی رٹ کی عملداری پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پہاڑوں پر بیٹھے لوگ مرکزی دھارے کا حصہ بنیں، پہاڑوں پر موجود نوجوان واپس آئیں، تشدد ترک کردیں۔

انہوں نے کہا کہ حقوق بندوق سے نہیں پارلیمان سے ملیں گے، آئین کی حدود میں رہتے ہوئے جدوجہد کریں، بلوچستان کو اگر کچھ ملنا ہے تو پارلیمان سے ملےگا۔

سرفرازبگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، ہم سب مل کر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔