کوئٹہ : صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے پاک افغان بارڈر سے افغان خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کی گرفتاری کو فرنٹئیر کور کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حاضر سروس افسر کے بعد افغان خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کی گرفتاری اس جانب اشارہ کررہی ہے کہ افغانستان اور بھارت ملکر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں کررہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ فرنٹئیر کور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی خفیہ ایجنسی کی سازش کو ناکام بنا دیا اور ان کے ایجنٹ کو حراست میں لے لیا جس پر ایف سی خراج تحسین کی مستحق ہیں ہماری فورسز نے بلوچستان میں امن کے قیام حالات کی بہتر اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جو قربانیاں دیں انہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں امن کی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کو ایک پرامن فضاء فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اس کیلئے صوبہ کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا حاضر سروس افسر یہاں سے گرفتار ہوا تھا اور اب افغانستان کی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ بھی گرفتار ہوا ہے جو اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ ملک اور بلخصوص بلوچستان میں بدامنی ان دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کی ملکی بھگت کا نتیجہ ہیں اور یہ ملکر یہاں امن کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کررہے ہیں جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونگی آج صوبہ کے عوام فورسز کے شانہ بشانہ پاک سرزمین سے امن کے دشمنوں کا خاتمہ کرنے کا عہد کر چکے ہیں اور اب وہ دن دور نہیں جب بلوچستان میں ہر سو امن ترقی و خوشحالی کی فضاء ہوگی ۔