|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2016

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کوائف مکمل نہ ہونے پر پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔ مصطفیٰ کمال کی جانب سے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن میں ایک تحریری درخواست جمع کرائی گئی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے کوائف مکمل نہ ہونے پر پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست ابتدائی طور پر مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے جمع کرائی گئی درخواست میں نہ تو عہدیداروں کی تفصیل درج ہے اور نا ہی پارٹی منشور ہے۔ اس کے علاوہ درخواست میں انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے بھی تفصیلات درج نہیں۔ الیکشن کمیشن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد مصطفیٰ کمال کو پارٹی کی انرولمنٹ کے لئے  رجسٹریشن ایکٹ کے تحت درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے جمع کرائی گئی درخواست میں مطابق مصطفیٰ کمال کو پارٹی کا چیرمین بتایا گیا جب کہ پارٹی فنڈز کا ذریعہ چندہ بتایا گیا ہے۔