بلوچستان نہ صرف ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے بلکہ تجارت اور صنعت کے لیے بھی موزوں ترین علاقہ ہے،
صوبے کو معدنی وسائل، وسیع زرعی اراضی اور گوادر بندرگاہ کی وجہ سے صنعتوں کا مرکز ہونا چاہئے۔ بلوچستان توجہ چاہتا ہے
جہاں دہائیوں سے مسائل کے انبار ہیں بنیادی سہولیات تک عوام کو میسر نہیں۔ بلوچستان کو ترقی خوشحالی اور مسائل سے نکالنے کیلئے اعتماد سازی اور وفاق و صوبائی حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے جس میں سیاسی مسائل کا حل بھی موجود ہو۔
حکومتیں آتیں اور چلی جاتی رہیں مگر بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ وعدے وفا نہیں ہوئے۔ نئی حکومت کی اولین ترجیح بلوچستان ہونی چاہئے یہاں کے مسائل کے حل سمیت ترقی کیلئے منصوبے دینے چاہئیں۔ بلوچستان سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی اہم خطہ ہے، صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری،
صنعتی و زرعی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ پاکستان کی مستقبل کی معاشی ترقی بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے،
نئی حکومت صوبے کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل کرنے کی کوشش کرے۔
حکومت اپنی مدت کے دوران بلوچستان میں ترقی کی بنیاد فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جو محرومیوں و پسماندگی کے خاتمے کا سبب بنے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں،
حکومت بنیادی انفرااسٹرکچر، بجلی، پانی اور دیگر تمام دستیاب وسائل کی فراہمی کے ذریعے ملک کی ترقی میں بلوچستان کے کردار کو بڑھانے کی کوشش کرے۔ بلوچستان میں صنعتی انقلاب کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔
ایک نئے باب کا آغاز بلوچستان سے ہو جو ترقی و خوشحالی کے راستے کھولے جس کا وعدہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت نے انتخابات سے قبل کئے تھے ۔اب بلوچستان حکومت میں دونوں جماعتوں کا مرکزی کردار ہے۔
امید ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا جو صوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں اضافے کا سبب بنے گا۔