کوئٹہ: ضلع بارکھان کے پہاڑی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی 100ایکڑ پر رقبہ متاثر، انتظامیہ ،سیکورٹی فورسز نے ملکر آگ پر قابو پا لیا ۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان کے مطابق گزشتہ شب بارکھان کے پہاڑی علاقے جندران میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 100ایکڑ رقبے پر درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ایف سی ، محکمہ جنگلات اور لیویز فورس کے 90اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے آگ بھجانے کے لئے آپریشن شروع کردیا اس دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے پانی ڈالنے سمیت دیگر جدید آلات استعمال کئے گئے ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اتوار کی شام کو آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم خشک گھاس والے علاقے میں تیز ہوا چلنے سے ایک بار پھر آگ لگنے کا خدشہ موجود ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ کے نتیجے میں کسی قسم کے انسانی اور حیوانی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ آگ بھجانے کے آپریشن میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں صورت مکمل قابو میں آنے تک بارکھان میں ہی اسٹینڈبائی رہیں گی ۔
مقامی لوگوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے آگ بجھانے کی کوششیں تاخیر سے شروع کی گئیں جس کی وجہ سے اس نے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ان جنگلات میں کیکر کے خاندان سے تعلق رکھنے والے پھلاہی کے درخت پائے جاتے ہیں۔
یہ چھوٹے قد کے سست رو درخت ہیں۔ ان جنگلات میں مختلف اقسام کے جنگلی حیات، حشرات اور نایاب جڑی بوٹیاں پائی جاتی ہیں جسے آگ سے شدید نقصان پہنچا ہے۔کوہ جاندران میں گیس کے وسیع ذخائر بھی پائے جاتے ہیں۔