کوئٹہ : کوئٹہ میں حکومتی کمیٹی سے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مذاکرات کئے۔ حکومتی کمیٹی میں صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ ، وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ، آئی جی پولیس احسن محبوب ، ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ اور دیگر حکام شامل تھے۔ مذاکرات کے دوران ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کی ریلی پر تشدد کے ذمہ دار پولیس اور انتظامی افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ حکومتی کمیٹی نے یقین دہائی کرائی کہ ڈاکٹروں کی ریلی پر تشدد کی تحقیقات میں ذمہ دار قرار دیئے گئے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جس پر ینگ ڈاکٹرز نے کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز اور پولیو مہم سے بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدرڈاکٹر حفیظ اللہ نے بتایا کہ اگر 20 اپریل تک کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو احتجاج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء اور ینگ ڈاکٹرز پر مشتمل چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ینگ ڈاکٹرز کی تنخواہوں، الاؤنسز میں اضافے ، ڈاکٹروں کی ایڈہاک بنیادوں ک یبجائے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیوں اور سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کے مطالبات پر کام کرے گی۔