پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نئے ہیڈ کا تقرر مئی کے پہلے ہفتے کے دوران کیا جائے گا اور اس کا انتخاب ممکنہ طور پر ہندوستان میں جاری انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں شریک کوچز میں سے کیا جائے گا۔
ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور سابق کھلاڑیوں وسیم اکرم اور رمیز راجہ پر مشتمل کمیٹی ان کے جانشین کا انتخاب کرے گی۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا کہ نئے کوچ کا تقرر مئی کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا اور وسیم اکرم اس وقت آئی پی ایل کیلئے ہندوستان میں موجود ہیں جہاں وہ امیدواروں سے اس معاملے پر بات چیت کریں گے۔
کوچنگ کے عہدے کیلئے سابق آسٹریلین کرکٹرز ڈین جونز اور ٹام موڈی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی پی ایل میں ٹام موڈی سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم سے منسلک ہیں جبکہ ڈین جونز نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے کوچنگ کے فرائض انجام دیے تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری کا اعلان بھی اگلے ہفتے تک کردیا جائے گا جہاں ہارون رشید کی زیر سربراہی سابقہ سلیکشن کمیٹی کو قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر فارغ کردیا گیا تھا۔
شہریار خان نے تصدیق کی کہ چیف سلیکٹر کے عہدے کیلئے محسن حسن خان سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کیلئے معین خان اور اقبال قاسم کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم کی آئندہ چند ماہ تک کسی قسم کی مصروفیات نہیں اور قومی ٹیم جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف چار ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔