اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف ‘ذاتی اور طبی دورے’ پر بدھ کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے لیے روانہ ہوئے.
وزیر اعظم جاتی عمرہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے،جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق لندن روانگی سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایئرپورٹ پر ایک مختصر اجلاس بھی ہوا، جس میں پاناما لیکس اور ملک کی حالیہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا.
اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف اور دیگر سینیئر ساتھی بھی شریک ہوئے.
وزیراعظم نواز شریف کے پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی کا کہنا تھا، ‘یہ دورہ نجی نوعیت کا ہے اور وزیراعظم نواز شریف لندن میں قیام کے دوران سیاسی ملاقاتیں نہیں کریں گے’.
آصف کرمانی کے مطابق ‘وزیراعظم لندن میں ایک ہفتہ قیام کریں گے، جہاں وہ طبی معائنے کے لیے ڈاکٹروں سے ملاقات کریں گے’.
لندن سے قبل ماسکو میں لینڈنگ
لندن سے قبل وزیراعظم نواز شریف کے طیارے نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں لینڈ کیا، جہاں ذرائع کے مطابق وہ تین، چار گھنٹے قیام کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم کی روسی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔