|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2016

 کراچی: سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہماری جنگ ہرقسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہے اور ہم دہشت گردی کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی میں سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں کورکمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور ڈی جی رینجرز سندھ نے شرکت کی، اجلاس کے دوران آرمی چیف کو کراچی میں جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کی کامیابی کو سراہا اور سیکیورٹی فورسز کے لیے غیر متزلزل حمایت پر کراچی کے عوام کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کراچی آپریشن کی کامیابی اوررفتارپراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پرسکون اور پرامن ماحول کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی میں مدد کررہے ہیں، کراچی آپریشن کا حتمی مقصد شہرمیں امن وامان کا مکمل قیام ہے، شہر میں قیام امن کےلیے بھرپور توجہ سے کوششیں کرنا ہوں گی  کیونکہ اقتصادی ترقی اورمعاشی سرگرمیاں کراچی کے امن سے براہ راست وابستہ ہیں۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے ایئروار کالج میں افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا، جس میں انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کو سراہا اور عالمی معاملات،علاقائی سلامتی امور اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر شرکا کوآگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بری اور فضائی فوج کے درمیان ہم آہنگی قابل تعریف ہے،فضائی اور زمینی فورسز میں مطابقت کے باعث کئی اہداف حاصل کیے گئے، ہماری جنگ ہرقسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہے،  دہشت گردی کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔