کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ڈویژنل پبلک سکول خضدار کے طلباء و طالبات کے الرجی کی بیماری میں مبتلا ہونے کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ضلعی حکام کی جانب سے الرجی کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے بچوں اور ان کے والدین کو ناخوشگوار اور مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم خضدار بھیجی جائے جو سکول کے بچوں کا طبی معائنہ کرکے اس بیماری کی روک تھام اور تدارک کیلئے اقدامات تجویز کرے انہوں نے کمشنر قلات ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیماری میں مبتلا بچوں کی دیکھ بھال اور اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کی بذات خود نگرانی کریں اور انہیں اس حوالے سے رپورٹ بھجوائیں ۔