لندن: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کر کے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو تباہ کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پولیس کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے پنجاب پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت تباہ ہو کر رہ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راجن پور آپریشن میں پولیس اہلکاروں کی شہادت سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا ہی نتیجہ ہے۔
قبل ازیں لندن میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سلطان محمود کے ہمراہ ایک فنڈ ریزنگ مہم کی تقری سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ اوورسیز پاکستانی ہیں جو ہر سال ملک میں اربوں روپے کا زر مبادلہ بھیجتے ہیں لیکن کرپٹ سیاستدان پاکستان میں ٹیکس ادا نہیں کرتے، پاکستان میں بڑے بڑے لوگ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر لاتے ہیں اور لاکھوں پاؤنڈ جوے میں ہار جاتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے برعکس خینر پختونخوا میں پولیس کو غیر سیاسی اور پروفیشنل کر دیا گیا ہے اور وہاں پر بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک مرتبہ طاقتور آدمی کو سزا مل گئی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سب کا احتساب ہونا چاہیئے، وزیراعظم نواز شریف کا سب سے پہلے احتساب ہونا چاہئے پھر بے شک میرا بھی احتساب کر لیا جائے۔
پنجاب حکومت نے پولیس کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرکے تباہ کردیا ہے، عمران خان
وقتِ اشاعت : April 16 – 2016