|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2024

کوئٹہ: پاکستان کی نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)نے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے بعد سیلاب سے کوئٹہ کو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملانے والی قومی شاہراہ کا ایک حصہ بہہ گیا ہے۔

جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے دھانہ سر میں قومی شاہراہ کا 70 میٹر حصہ بہہ جانے کے باعث ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہو گئی ہے۔

ژوب اور دھانہ سر کے درمیان ہونے والی شدید بارش اور دھانہ سر نالے میں زیادہ پانی کے اخراج کے نتیجے میں پرانے تعمیراتی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور بھاری پتھروں کے ٹکرانے سے تقریبا 70 میٹر سڑک بہہ گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ہائی اتھارٹی اور سڑک بنانے والے ٹھیکیدار کا عملہ جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بھاری مشینری کے ساتھ سڑک کے تباہ شدہ حصے کی بھرائی اور اس کو کھولنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

این ایچ اے حکام نے ژوب اور قلعہ سیف اللہ کی ضلعی انتظامیہ سے ٹریفک کو قلعہ سیف اللہ لورالائی ڈی جی خان این 70 کی طرف موڑنے کی درخواست کی ہے۔

حکام کے مطابق سڑک کھولنے میں تقریبا 24 گھنٹے کا وقت لگے گا۔محکمہ موسمیات نے رواں مون سون میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔