کراچی: شہر قائد میں آج سے آئندہ 3 روز تک شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، شہر کا درجہ حرارت 35 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا جو 38 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 20 سے 24 اپریل تک کراچی میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہونے کی صورت میں ہیٹ انڈیکس اس سے بڑھ بھی سکتا ہے لہذا شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر نکلیں تو اپنے سر اور چہرے کو اچھی طرح ڈھانپ لیں اس کے علاوہ پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیے جانے کے بعد سندھ حکومت اور کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام طبی اور نیم طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ جب کہ ہیٹ ویو کے متاثرہ افراد کی طبی امداد کے لیے بنائے گئے خصوصی وارڈز کو فعال کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
کراچی میں شدید گرمی، پارہ 38 ڈگری تک جانے کا امکان
وقتِ اشاعت : April 22 – 2016