کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یہ پورے بلوچستان کیلئے باعث فخر اور قابل ستائش ہے کہ ہمارے صوبے میں ایس او ایس ویلیج نے ماں کی ممتا اور باپ کی شفقت سے محروم بچوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کے حوالے سے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے.
اس کیلئے سابق سینٹر روشن خورشیدِ بروچہ اور ان کی پوری ٹیم کا نام نہ لینا بیانصافی ہوگی. گورنر بلوچستان نے کہا کہ پہلی بار یو ایس ایڈ سکالرشپ کیلئے ایس او ایس ویلیج سے ایک اسٹوڈنٹ سکینہ خان کا منتخب ہونا بھی ہم سب کیلئے ایک اعزاز ہے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ سے گورنر ہاس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا.
گورنر بلوچستان نے صوبے بھر کے صاحب استطاعت افراد پر زور دیا کہ وہ بھی مستحق بچوں کی امداد میں دل کھول کر بھرپور حصہ لیں.
بعدازاں گورنربلوچستان نے امریکن سکالرشپ کیلئے منتخب ہونے والی سکینہ خان کے سر پر دستِ شفقت رکھا، خوب داد دی اور اس کو اپنی جانب سے کتابوں کا تحفہ دیا.