|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2024

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹر ی جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی ناگزیر ہے،

آج ملک بدترین سیاسی عدم استحکام اور ہمہ جہت بحرانوں اور خارجی طور پر تنہائی سے دوچار ہیں، ملک کے ہمہ گیر بحرانوں سے نجات کی واحد راہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین ملی قائد وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی پیش کرچکے ہیں۔

ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز کی کانفرنس بلائی جائے اور ان تمام بحرانوں سے نجات اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے اس میں فیصلے کیئے جائیں۔

پشتونخوامیپ ملک کی جمہوری تحریکوں میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری،جمہور کی حکمرانی اور ملک میں قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن،عوام کے ووٹوں سے خودمختار پارلیمنٹ،داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی منتخب پارلیمنٹ کے ذریعے ہو اور انہی جمہوری مطالبات کیلئے تاریخی رول ادا کرتی رہی ہے اور اس راہ میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی ودیگر کارکنوں کی شہادتوں، قید وبند کی سزائیں بھی برداشت کرچکی ہیں۔

پشتونخوامیپ کو آج بھی ان آئینی، جمہوری، قومی مطالبات کی پاداش میں سزا ئیں دی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع زیارت کے ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری حاجی عبدالحق ابدال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار حبیب الرحمن دومڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر، حبیب الرحمن بازئی،ضلع سیکرٹری سردار میروائس خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں تحصیل زیارت، تحصیل سنجاوی اور پشتونخوا ایس او کی گزشتہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کی منظوری دیتے ہوئے آئندہ پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ضلع زیارت کے تمام محکموں بلخصوص محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے زبوں حالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ زیارت کے تمام سرکاری محکموں میں سیاسی پسند اور ناپسند کے بنیاد پر مداخلت جاری ہے جس سے تمام محکمہ جات مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں، زیارت کا انفراسٹرکچر مکمل زبوحالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے زیارت ایک لاوارث ضلع بن کر رہ گیا ہے۔اجلاس سے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8فروری کے زروزور اور دھاندلی زدہ انتخابات میں جس بھونڈے انداز سے عوام کی حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

آج زیارت ضلع پر ایک شخص کو مسلط کرکے اپنے مذموم مقاصد کو پورا کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہیں جس کی نہ صرف پارٹی مذمت کرتی ہے بلکہ ان کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ آج کرپشن،کمیشن، پرسنٹیج کے ذریعے تمام اداروں کو کھوکھلا کردیا گیا ہے اور عوام ہر شعبہ زندگی میں بدترین مشکلات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین محترم محمود خان اچکزئی کا بیانیہ نہ صرف پشتون افغان بلکہ پورے ملک کا بیانیہ بن چکا ہے جو ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے ضلعی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ دن رات ایک کر کے پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچائیں۔