کوئٹہ: مسلم ہینڈ ورلڈ وائیڈ کے چیئرمین سید لخت حسنین شاہ نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم دنیا بھر کی طرح پاکستان اور بلوچستان میں گزشتہ 24 سال سے تعلیم، صحت ، پینے کے صاف پانی اور ناگہانی قدرتی آفات کے متاثرین کی مدد کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں کوئٹہ کے 300 گھروں کو افطاری کی فراہمی کے علاوہ نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم کے لئے اقدامات اٹھاتے ہیں اور سالانہ 17 لاکھ ڈالر سے یہ تمام مسائل کے حل کو یقینی بنارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو کوئٹہ پریس کلب کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر بلوچستان ملک نعیم جاوید، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان، سینئر صحافی رضا الرحمن، آصف بلوچ، محمد افضل مغل، نور الٰہی بگٹی، رشید بلوچ،شعیب رئیسانی، ظاہر خان ناصر، انجمن اتحاد اخبار فروشان کے صدر میر احمد بلوچ ، شاہجہان بلوچ ، غازی خان بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
سید لخت حسنین شاہ نے بتایا کہ انہوں نے عوام کی خدمت کے جذبے سے اس تنظیم کی بنیاد رکھی اور آج دنیا بھر میں تنظیم اپنے وسائل اور چیئرٹی کے جذبے سے خدمات سر انجام دے رہی ہے ہم نے گزشتہ 24 سالوں میں بلوچستان اور پاکستان میں اپنے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے انہیں تعلیم،
صحت اور پینے کے صاف پانی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اپنے نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اپنے قائم کردہ تعلیمی اداروں میں انہیں معاشرے کا کار آمد اور مہذب شہری بنارہے ہیں کیونکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ انسان کو اس کی تربیت ہی اس کو معاشرے کا بہتر انسان بناتی ہے کیونکہ جس طرح اس وقت ہمارے ملک کو تعلیم یافتہ لوگوں نے تربیت نہ ہونے کی وجہ سے جس نہج پر پہنچایا ہے
اس لئے ضروری ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی بہتر تربیت عمل میں لانی ہے ہمارے تعلیمی اداروں میں افغان رفیوجیز کے تقریباً 400 سے 500 بچے تعلیم حاصل کرکے فارغ ہوچکے ہیں اور مزید تعلیم کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں
اس کے علاوہ بلوچستان میں بھی ہمارا تعلیم کا شعبہ کام کررہا ہے پنجاب میں پہلے 300 اداروں کا انتظام ہمارے پاس تھا ڈیڑھ سو مزید سکول دیئے جارہے ہیں اب ہم 450 تعلیمی اداروں کے ذریعے معیاری تعلیم و تربیت کے عمل کو یقینی بنارہے ہیں۔ سندھ میں 15 سے 20 تعلیمی ادارے زیور تعلیم کے لئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم بلوچستان میں ڈیزاسٹر قدرتی آفات اور کسی بھی ناگہانی آفت کے دوران اپنے لوگوں کو ریسکیو سے لیکر ان کی بحالی تک اپنی خدمات سر انجام دیتے ہیں ہمارے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے ایف ایس سی، انجینئرنگ، میڈیکل اور دیگر شعبوں میں بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت بڑی تعداد مساجد تعمیر کرکے لوگوں کے حوالے کئے ہیں اور ان 23 سالوں میں تعلیم حاصل کرکے دو ہزار بچے مختلف محکموں میں کام سر انجام دے رہے ہیں اس موقع پر مسلم ہینڈ بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹر ملک نعیم جاوید نے بتایا کہ ہم گزشتہ 23 سال سے خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔
تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے تعلیمی ادارے ہسپتالوں میں سہولیات اور وسائل کی فراہمی جبکہ لوگوں کو باعزت روزگار کے لئے مرغیاں، بکریاں دے رہے ہیں
تاکہ وہ اس سے کاروبار کرکے اپنا روزگار کما سکیں اور کوئٹہ کے 300 خاندانوں کو رمضان المبارک کے مہینے میں افطاری فراہم کررہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم میڈیا میں تشہیر کے بغیر لوگوں کی خدمت اور تربیت کے عمل کو باوقار طریقے سے سر انجام دیتے رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سید لخت حسنین شاہ نے بتایا کہ اس چیئریٹی کے پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ہم دنیا بھر میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور اس کے لئے ہم سالانہ 17 لاکھ ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اخبار مارکیٹ کا بھی دورہ کیا اور انجمن اتحاد اخبار فروشان کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔