کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ معیار، کارکردگی اور شاہراہوں کی بروقت تکمیل کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی قومی شاہراہوں کو تیار کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔
اس سے نہ صرف ہماری معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ ہمارے شہریوں کی زندگیوں میں بھی آسانی اور بہتری آئیگی. انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تناظر میں کراچی ٹو چمن N25 اور کوئٹہ ٹو ژوب N50 شاہراہوں کو زیادہ ترجیح دی جائے کیونکہ یہ بلوچستان کو دیگر صوبوں سے جوڑنے والی اہم قومی شاہراہیں ہیں۔
یہ بات انہوں منگل کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی ویسٹ زون کے ممبر بشارت حسین کی جانب بریفنگ دیتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ ملک و صوبوں کی تعمیر و ترقی میں قومی شاہراہوں کا کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ قومی شاہراہوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ٹھیکیداروں کو قابل انتظام کام تفویض کرنے سے نہ صرف مقررہ وقت کے اندر وہ اپنے حصے کا کام پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے بلکہ اس سے کنسرکشن کمپنیاں بھی جوابدہ ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کی معیاری تعمیر کیلئے پہلے سے منظور شدہ اسٹرکچر کی پابندی اور معیاری مواد کا استعمال سودمند ثابت ہو سکتا ہے
۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ صوبے کے تمام پلوں کی تعمیر کے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے. صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ویسٹرن بائی پاس خیزی چوک کے قریب فلائی اوور کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویسٹرن بائی پر فلائی اوور بنانے سے وہاں ہموار ٹریفک کے بہا، بھیڑ کو کم کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں کافی مدد ملے گی۔