|

وقتِ اشاعت :   August 13 – 2024

کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اس چودہ اگست کو، ہم پاکستان کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ منا رہے ہیں.

ہم دراصل برصغیر پاک و ہند کی اس آزادی کے حصول کیلئے دی گئی بیشمار قربانیوں کی یاد منا رہے ہیں جس سے ہم آج لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ہم فخر کے ساتھ اپنی آزادی کا جشن مناتے ہوئے، اپنے آبا اجداد کی قربانیوں، تکالیف اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اپنی نئی نسل کو یہ ذہن نشین کرانا ضروری ہے کہ برصغیر پاک و ہند کی آزادی میں ہمارے اکابرین کی قربانیاں شامل ہیں اور آل انڈیا مسلم لیگ کو مضبوط بنانے میں بھی وہ پیش پیش رہے ہیں.

آزادی اللہ تعالی کی بڑی نعمت ہے اور اس کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے.

آئیے ہم سب ملکر اپنی آزادی، اتحاد اور پاکستان کے غیر متزلزل جذبے کی خوشی منانے کیلئے اکٹھے ہوں۔

ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک مضبوط، معتدل اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کریں،

ہم اپنے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اختلاف رائے کا احترام،رواداری اور پائیدار معاشی ترقی کے رجحان کو فروغ دینے کا عہد کریں۔ اللہ تعالی ہمیں اپنے ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے – آمین