کوئٹہ: وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر تین ماہ کی مختصر مدت میں کوئٹہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ پر کام مکمل کرکے فعال کردیا گیا
منصوبے کا افتتاح بدھ کے روز ڈپٹی وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیا اس موقع پر کمشنر کوئٹہ/ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن حمزہ شفقات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا پروجیکٹ ہے
جس میں میونسپل کارپوریشن اور نجی کمپنی کثیر الجہتی اقدامات کے ذریعے صوبائی دارالحکومت کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے کام کریں گے اس میں بلوچستان حکومت کو کوئی اضافی اخراجات برداشت نہیں کرنے پڑیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فی گھر سے ماہانہ تین سو روپے کمپنی اکٹھے کرے گی جبکہ باقی ماندہ اخراجات نجی کمپنی ری سائیکلنگ سے پورے کرے گی
اس طرح کے منصوبوں پر دیگر صوبوں میں کئی کئی سال لگ جاتے ہیں تاہم وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں یہ منصوبہ مکمل کرکے فعال کردیا گیا ہے
آج سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نجی کمپنی گھر گھر سے کوڑا کرکٹ جمع کرے گی اور ایک محتاط سروئے کے مطابق کوئٹہ سے روزآنہ 16 سو ٹن کچرہ اٹھایا جائے گا جس پر حکومت کے کوئی اضافی اخراجات نہیں آئیں گے
میونسپل سروسز کا روایتی پرانا فرسودہ طریقہ کار ختم کردیا گیا ہے اور اب صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ جدید مشینری کے ذریعے جمع کیا جائے گا ۔
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تین ماہ کے اندر اندر منصوبے کی تشکیل اور عمل درآمد پر کمشنر کوئٹہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے پختہ عزم اور کمٹمنٹ کو سراہا وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں عوامی مشکلات کو کم کرنے کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جاررہی ہے اور ہر شعبے میں گڈ گورننس کے زریعے سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہیں
اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کوئٹہ میں جدید سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے کے آغاز پر اظہار مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کررہی ہے کوئٹہ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے سے عوام کو صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی افتتاحی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، مشیران اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت اعلی حکام نے شرکت کی دریں اثناء بدھ کو یہاں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نادرا کے نئے مراکز اور موبائل وینز کا افتتاح کیا
افتتاحی تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزرا ، پارلیمانی سیکرٹریز اراکین اسمبلی نادرا حکام اور حکومت بلوچستان کے اعلی افسران کی شرکت کی
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نادرا کی سروسز میں بہتر اور نئے رجسٹریشن مراکز کے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی 21 تحصیلوں میں نئے رجسٹریشن مراکز کے قیام سے عوام کو رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کے حصول میں آسانیاں میسر آئیں گی
اس سے قبل صوبے کیدور دراز علاقوں کے عوام کو رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا تھا نئے رجسٹریشن مراکز اور موبائل وہیکلز سے عوام خصوصا ضعیف العمر افراد اور خواتین کو گھر کی دہلیز پر رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کے حصول کی سہولت میسر آئے گی ،
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بلوچستان میں نادرا کے نئے رجسٹریشن سینٹرز اور ایم آر ویز کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وفاقی ادارے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں خدمات کی سہل فراہمی کے لئے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کریں