پشین: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ضلع پشین کے بزرگوں نے ہمیشہ قائدا اعظم کا ساتھ دیا ہے اور یہاں کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ وفا کی ہے
پشین میرا دوسرا گھر ہے اور اس ضلع کی تعمیر و ترقی سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے
ڈی سی ریسٹ ہاؤس پشین میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشین میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جو بھی ٹیچر سرکار کی تنخواہ لیتا ہے وہ گھر بیٹھ نہیں سکتا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جب اگلی بار ضلع پشین کا دورہ کریں گے تو ہر استاد سکول میں موجود ہوگا ضلع پشین کو ڈویڑن بنانے کی تجویز سے متعلق وزیراعلیٰ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر نگرانی ایک کمیٹی قائم کی جائے گی
جو اس حوالے سے تمام امور کا جائزہ لے گی انہوں نے واضح کیا کہ ڈویڑن اور اضلاع لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بنانے چاہیے
کیونکہ ہم سب کی پہلی پہچان پاکستان ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پشین کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیر کا اعلان بھی کیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذکورہ ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے تعاون سے چلایا جائے گا
تاکہ کسی بھی قسم کی کوئی انتظامی غفلت کا مظاہرہ نہ ہو سکے انہوں نے کہا کہ پشین ہائی وے پر ریسکیو 1122 مرکز بھی قائم کیا جائے گا
انہوں نے اس موقع پر ضلعے کے ایک میڈل سکول کو ہائی سکول پر اپگریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا انہوں نے کہا کہ پشین میں بلوچستان یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر پر بھی غور کیا جائے گا
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوکل کونسلوں کے گرانٹ کو 16 کروڑ سے بڑھا کر 32 کروڑ کر دیا گیا
ہے اور گورننس کی بہتری کے لیے آئندہ ملک بھر سے لوکل کونسلوں اور ڈسٹرکٹ چیئرمینز کو کوئٹہ میں مدعو کیا جائے گا
تاکہ ہم ایک بہتر طرز حکمرانی کے منزل کے حصول کی جانب عملی اقدامات کا آغاز کریں وزیراعلیٰ نے پشین لوکل کونسل کے لیے 10 کروڑ کے گرانٹ کا اعلان بھی کیا وزیراعلیٰ نے افغان رفیوجیز کمشنریٹ کے تعاون سے ضلع پشین میں مڈل سٹینڈرڈز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کو ٹیبلٹس بھی دیے
قبل ازیں وزیراعلیٰ کو روایتی پشتون پگڑی بھی پہنائی گئی تقریب سے پشین سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی اسفندیار خان کاکڑ، سید ظفر علی آغا اور اصغر خان ترین نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی پشین آمد پر ان کا بھرپور شکریہ ادا کیا اور ضلع پشین کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بکٹی کی جانب سے کئے جانے والے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے اعلانات کا خیر مقدم کیا۔