|

وقتِ اشاعت :   August 15 – 2024

کوئٹہ: بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کلی جہلم کاریز کا اجلاس زیر صدارت زونل آرگنائزر کبیر بلوچ کے منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص مرکزی سیکرٹری جنرل صمند بلوچ جب کہ اعزازی مہمان مرکزی کمیٹی کے رکن بیبرگ واحد بلوچ تھے۔اجلاس کی کارروائی زونل انفارمیشن سیکریٹری احمد بلوچ نے چلائی۔

اجلاس میں، تعارفی نشست، علاقائی یونٹس کی اہمیت اور آرگنائزنگ کمیٹی کی تشکیل جیسے ایجنڈے زیر بحث رہے۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز شہدا بلوچستان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی کے بعد کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ بی ایس او محض ایک طلباء تنظیم نہیں بلکہ بلوچ قوم کی مجموعی شعور کا منبع ہے۔ مختلف ادوار میں تنظیم نہ صرف تعلیمی اداروں میں رہتے ہوئے بلوچ طلبا کے مسائل کے حل کے لئے برسرِ پیکار رہی بلکہ اس سے بڑھ کر ایک قومی تنظیم کا کردار ادا کیا۔

جن ادوار میں بلوچ قومی رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں پر ریاستی کریک ڈاؤن ہوا، انہیں شہید و لاپتہ کیا گیا،جلاوطن ہونے پر مجبور کیا گیا تب بی ایس او نے ہی آگے بڑھ کر سیاسی خلا کو پْر کرتے ہوئے ایک راجی تنظیم کا کردار ادا کیا اور بلوچ نوجوانوں کو متحد کیا۔

اس سارے عمل میں بی ایس او کے علاقائی یونٹس کا کردار سب سے کلیدی رہا ہے۔

آج ایک بار پھر جب بلوچ قومی تحریک بدترین ریاستی جبر کے نشانے پر ہے ایسے میں بی ایس او نے علاقائی سطح پر تعلیمی اداروں سے باہر موجود بلوچ نوجوانوں کو منظم اور متحد کرنے کا بیڑہ اپنے سر اٹھا لیا۔

اسی سلسلے کی ایک کڑی آج کا یہ اجلاس ہے۔

آخر میں بی ایس او کلی جہلم کاریز کا یونٹ آرگنائزنگ باڈی تشکیل دے دیا گیا۔

جس کے تحت بلال بلوچ آرگنائزر، بیبرگ جتک ڈپٹی آرگنائزر جب کہ ابرار بلوچ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہوگئے۔