کوئٹہ: حکومت پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ، ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کردیا ہے
جو 13 ستمبر کو ایک پروقار تقریب میں انہیں دیا جائے گا، صدر مملکت نے بلوچستان سے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کے نام کی منظوری دے دی ہے
جس کے بعد وفاقی حکومت نے باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی بلوچستان سے واحد خاتون ہیں جنہیں اس سال یہ اعزاز دیا جائے گا، جو ان کی شاندار خدمات اور بلوچستان میں خواتین کے حقوق کی ترقی کے لیے انتھک جدوجہد کا اعتراف ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اپنے کیریئر کے دوران بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں صحت، تعلیم، اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اہم منصوبے متعارف کروائے اور خواتین کو معاشرتی اور معاشی اعتبار سے مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کام کیا۔
صوبے کی سیاسی و سماجی شخصیات نے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو ستارہ امتیاز کے لئے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعث فخر قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس موقع پر کہا کہ یہ نامزدگی ان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور وہ اس اعزاز کو اپنے صوبے کی عوام کے نام کرتی ہیں۔
انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی اپنی خدمات جاری رکھیں گی اور بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی رہیں گی۔
ستارہ امتیاز پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈز میں سے ایک ہے جو کہ ملک کے لیے غیر معمولی خدمات سرانجام دینے والے افراد کو دیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی نامزدگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ان کی خدمات کو ملکی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔