کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مزدور کے بچے کے لیے جو خواب دیکھا تھا وہ آج شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے
صوبائی حکومت کا یہ ویڑن اور کوشش ہے کہ مزدور کا بچہ مزدور نہ بنے اور مزدور کا بچہ ملک کے کسی بھی بہترین تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کر سکے
ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان کے زیر انتظام رجسٹرڈ مزدوروں کے 400 بچوں کی اسلام آباد کے بہترین تعلیمی ادارے میں داخلہ سرٹیفکیٹ اور سکالرشپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے صوبائی حکومت کی روز اول سے یہ کوشش رہی ہے کہ مستقبل کے معماروں کو بہترین ماحول فراہم کرتے ہوئے تعلیمی سہولیات مہیا کی جائیں
انہوں نے کہا کہ آج پہلے مرحلے میں 400 بچوں کو بہترین تعلیم کے حصول کے لیے بھجوا رہے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں طالبات کو بھی بھجوایا جائے گا یہ بچے اسلام آباد میں بلوچستان کے سفیر ہوں گے انہوں نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے اس ادارے میں بہترین ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اعلیٰ کردار کو ثابت کرنا ہے
کیونکہ یہ آپ سب کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے آج آپ ایک روشن مستقبل کی جانب عملی قدم اٹھا رہے ہیں آج اپ ایک نئی شروعات کر رہے ہیں آپ نے اپنے والدین کا نام فخر سے بلند کرنا ہے کیونکہ آپ سب ہمارے مستقبل کے لیڈرز اور بیوروکریٹس ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس نے بھی پاکستان سے محبت کی ہے اللہ تعالی نے اسے عزت دی ہے اور آپ کی پہلی ترجیح پاکستان ہونی چاہیے آپ نے اپنے کردار اور عمل سے پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنانا ہے اور وہ دن دور نہیں کہ جب آپ نئے افق پر ستاروں کے مانند چمکیں گے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بچوں کو داخلہ سرٹیفکیٹس اور سکالرشپس بھی دیئے واضح رہے کہ مذکورہ اسکالرشپ کے تحت رجسٹرڈ مزدوروں کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان برداشت کرے گا رجسٹرڈ مزدوروں کے 400 بچوں کو امریکن لائسٹف اسکول سسٹم میں تعلیم اور رہائش سمیت تمام دیگر متعلقہ سہولیات فراہم کی جائیں گی
تقریب سے صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی قوت نیاز احمد نیچاری اور امریکن لائسٹف اسکول سسٹم کے پرنسپل نے بھی خطاب کیا صوبائی وزراء میر عاصم کرد گیلو، بخت محمد کاکڑ، رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالقادر خان اور آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی اس موقع پر سوینیرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔