|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2024

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے

تمام ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کرتے ہوئے مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنایا جاسکے ۔

بلوچستان میں پولیو وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے مد نظر بلوچستان کے ڈپٹی کمشنرز کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات، ای پی آئی کوآرڈینیٹر ،ڈائر یکٹر جنرل صحت ، نیشنل اور صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹرز سمیت دیگر شراکت داروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

ورکشاپ میں ڈپٹی کمشنرز کو صوبے میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی حساسیت اور اہمیت سے متعلق آگاہ کیا گیا اس موقع پر شرکاء کو مختلف اضلاع میں انسداد پولیو مہم کے دوران درپیش مسائل ، نگرانی کے نظام ، صوبے میں حفاظتی ٹیکہ جات لگوانے کی شرح میں کمی اور بچوں تک رسائی میں مشکلات پر تفصیلی طور پر آگاہ اور مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ورکشاپ میں ایمر جنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ۔شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے موثر مہم چلانے کی اور تمام بچوں میں حفاظتی ٹیکہ جات لگوانے کی بھی ضرورت ہے ۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کرتے ہوئے مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔اس موقع پر شراکت دار اتنظیموں نے بھی پولیو کے خاتمے کے لئے تمام اضلاع میں انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔