|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2024

کوئٹہ:  وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں،

مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ریاست کے مفادات کو زک پہنچا کر عالمی دنیا میں پاکستان مخالف بیانیہ میں ملوث عناصر کا محاسبہ ضروری ہے،

اپنے جاری ایک بیان میں وزیر اعلٰی بلوچستان کی مشیر نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل روف حسن کے بھارتی صحافی کرن تھاپر کے ساتھ روابط کی مصدقہ اطلاعات اور پاکستان مخالف ہیجان خیز جھوٹی اطلاعات شئیر کرکے عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی سازشوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب سیاسی میدان میں ناکام بیانیہ کے بعد ریاست مخالف سرگرمیوں پر اتر آئی ہے، پی ٹی آئی کے اہم انتظامی عہدے دار کی بھارتی صحافی کے ساتھ ہونے والی رابطہ کاری میں نہ صرف پاک فوج پر بے بنیاد بہتان لگا کر ناقابل شکست پاکستان آرمی کو داغدار کرنے کی کوشش کی گئی

بلکہ ریاست اور عوام کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خون سے بھی غداری کی گئی ریاست مخالف ایسی سرگرمیاں ناقابل برداشت عمل ہیں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے پاکستان مخالف پروپیگنڈوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔