کوئٹہ: صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزیدشاہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی حلقہ این اے 267کچھی جھل مگسی کے ضمنی انتخاب میں سو فیصد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے ہر پولنگ اسٹیشن پر پاک فوج ،ایف سی کے 8،8جوان جبکہ پولیس اور لیویز کے 4،4اہلکاران تعینات کئے جائیں گے۔،28اپریل کو پرزائیڈنگ آفیسران کو مجسٹریٹ کے خصوصی اختیارات حاصل ہونگے جبکہ بحالی امن کے لیے انتخابی حلقے کے دونوں اضلاع کی 8تحصیلوں میں خصوصی ڈیوٹی مجسٹریٹ تعینات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے منگل کو ’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 267کچھی جھل مگسی کے 28اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں حلقہ میں 165پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں 9سو افراد پر مشتمل انتخابی عملہ خدمات سرانجام دے گا۔قومی اسمبلی کے اس حلقہ میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 45ہزار 287ہیں جس میں 87ہزار 37مرد اور 58ہزار 250خواتین ووٹرز شامل ہیں ،حق رائے دہی کے استعمال کے لیے 373پولنگ بوت قائم کئے جائیں گے قیام امن کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن پر مجموعی طورپر 24سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجا م دیں گے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمنٹنے کے لیے کیویک رسپانس فورس کے لیے انتخابیحلقے کے ہر ضلع میں 160پاک فوج کے جوان اور 160ایف سی کے جوان علیحدہ علیحدہ تیار حالت میں رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 28اپریل کے ضمنی انتخاب کے پرامن اور ہر حوالے سے صاف شفاف وغیر جانبدارنہ انعقادکے لیے پوری تندہی ،نیک نیتی اور ایمانداری سے تمام تر امور کوحتمی شکل دے دی ہے اور ہماری بھر پور کوشش رہی ہے کہ سازگار اور پرامن انتخابی عمل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کارلاتے ہوئے عوام کو ساز گار انتخابی ماحول فراہم کیا جائے اور اس اہم جمہوری فریضے سے بہتر طور پر نبردآزماہوا جاسکے۔