کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دہشت اور وحشت پر مبنی ذہنیت کے تہہ تک پہنچنے اور اسکے خاتمے کو یقینی بنانے کا وقت آپہنچا ہے.
ہمارے پرامن اور انسان دوست صوبے میں خوف اور افراتفری پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں موسی خیل، قلات اور دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گرد واقعات کی ہم سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پائیدار امن ہی ایک تہذیب یافتہ معاشرہ کا رہنما اصول ہے جو معاشرت، معیشت اور عوامی سیاست کو سچی بنیادیں فراہم کر کے ہمارے آگے کے راستے کو روشن کر سکتا ہے.
انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور سرکاری املاک کو نقصان سے بچانے کیلئے ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے بالخصوص زیادہ ٹریفک والے علاقوں، عوامی مقامات، قومی شاہراہوں اور بس آڈوں پر ہر وقت اور ہر جگہ چوکس رہیں اور پائیدار امن کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں.
ہمیں ہر قیمت پر اپنے عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانا ہے تاکہ عام آدمی خوف و ڈر کی فضا سے آزاد ہو کر اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی روزی کمانے میں مشغول رہے.
گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ہر شہری کا قومی فریضہ بنتا ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہمارا صوبہ پورے خطے میں امن و آشتی کا مثالی گہوارہ بن جائے۔