|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2024

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے زیر تربیت آفیسران نے ملاقات کی. ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سرحدی تجارت کے فروغ اور صوبے کی قلیل مگر منتشر آبادی کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات زیر بحث آئے.

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے زیر تربیت اے ایس پیز کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مطالعاتی دورے پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت کی تکمیل کے بعد آپ آفیسرز سے اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بڑی توقعات وابستہ ہیں.

آج بھی اچھے اور سچے سرکاری افسران کی ہر جگہ زیادہ ڈیمانڈ ہے اس ضمن میں آپ ایسی ساکھ اور کردار بنائیں تاکہ عہدہ ہر جگہ آپ کی پیروی کریں کیونکہ ایک قابل اور دیانتدار افسر پورے علاقے کی تقدیر کو بہتر بنا سکتا ہے. ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ پولیس محکمہ سمیت دیگر محکموں اور شعبوں میں خواتین آفیسرز کی بڑھتی ہوئی تعداد قابل ستائش ہیں.

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین ذہانت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی کم نہیں ہیں. انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اور جرائم کے خاتمے میں محکمہ پولیس کا کلیدی کردار ہے. تمام اعلیٰ سرکاری آفیسران پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں لہٰذا آپ اپنی ذہانت اور خدمت خلق کے جذبے کو مفاد خلق کیلئے بروئے کار لائیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ آپ ہر قسم کے خوف و لالچ سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض پر توجہ مرکوز رکھیں. آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل اور کورس کمانڈر دانیال جاوید کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا.۔