کراچی:کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں گھوٹکی میں ٹی وی چینل ” آواز نیوز” کے رپورٹربچل گھنیو کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے صوبہ سندھ میں لاء اینڈ آرڈرکی ناکامی قرار دیا ہے۔ سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف، سینئر نائب صدر انور ساجدی، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق اور نائب صدر سندھ عامر محمود نے مشترکہ بیان میں صحافی بچل گھنیو کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ صوبے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کچے کے علاقے میں غیر ریاستی عناصر اسلحے کے زور پر ریاست کے اندر ریاست بناکر حکومتی رٹ کو سرعام چیلنج کررہے ہیں ،
کوئی انھیں روکنے والا نہیں ہے، گزشتہ سال اصغر کھنڈ اور جان محمد مہر کے قاتلوں کے قانونی گرفت سے آزاد رہنے کی وجہ سے ان کے حوصلے اور مضبوط ہوئے جس کا نتیجہ بچل گھنیو کے قتل کی صورت میں برآمد ہوا۔ انھوں نے اس موقع پر سندھ حکومت، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ بچل گھنیو اور اس سے پہلے قتل ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں پہنچایا جائے اورقانون کے مطابق سزا دی جائے۔