|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2024

کوئٹہ:  گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی میں کنگ کالج لندن کے تعاون سے منعقدہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیہ کسی بھی قوم کا مقدر سمجھا جاتا ہے۔

اس سلسلے میں یہ بات بڑے وثوق کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ ہمارا قومی جغرافیہ نہ صرف ہماری تقدیر بلکہ خطے کی دوسری اقوام کی تقدیر کا تعین کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری بلیو اکانومی پاکستان کو ایشین ٹائیگر میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کے ساتھ مسقبل کے دیگر روشن امکانات بھی پیش کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی میں کنگ کالج لندن کے تعاون سے منعقدہ کانفرنس بعنوان جیو پولیٹکس کی اہمیت اور اثرات کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر پرووائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرحمٰن اچکزئی، اور کنگ کالج لندن کے ڈاکٹر سلمان خان سمیت ابھرتے ہوئے محققین اور یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی.

اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ انٹرنیشنل ریلیشنز کے تناظر میں پڑوسی ممالک کی اہمیت اور آبادی پر وسائل کے اثرات کو بھی زیر غور لانے کی بھی ضرورت ہے۔

مشہور مقولہ کہ “ہمسائے کو تبدیل نہیں کیا جا سکتے” اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ کسی بھی ملک اور اس کے پڑوسی ممالک کا جغرافیائی محل وقوع طے شدہ ہے۔

اسلیے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مساوی اور خوشگوار تعلقات پر توجہ مرکوز کی جائے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ جیو پولیٹکس محض ایک لفظ نہیں ہے بلکہ یہ کثیر الجہتی سیاسی اصطلاح ہے اور پھر پاکستان کے تناظر میں جغرافیائی سیاست کو سمجھنا بہت پیچیدہ ہے جس کیلئے ہمیں پورے خطے کی بڑی تصویر تیار کرنے کیلئے متعدد نقاط کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔

یہ ہمیں جغرافیہ، سیاست اور غیر مساوی طاقت کی حرکیات کے درمیان تعلقات کا احاطہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے باشندوں کی حیثیت سے یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم جغرافیائی سیاست کے مرکز میں ہیں۔ ہمارا صوبہ سینٹرل ایشیا کا گیٹ وے ہے۔

اس یقین کے ساتھ کہ شاندار میگا گوادر پراجیکٹ کی ترقی پورے خطے میں معاشی جمود کو ختم کر سکتی ہے۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ جب میں خود بنی نوع انسان کے مستقبل کا تصور کرتا ہوں تو مجھے گلوبل سیویلائزیشن اور نیچرل اینڈ سوشل سائنسز کے درمیان حسین امتزاج نظر آتا ہے۔

مستقبل کے سائنٹفک آرٹس اور آرٹسٹک سائنس ہمارے سیاسی و معاشی تبدیلیوں کے چیلنجوں پر قابو پالینگے اور اس سے ہماری زندگیوں کو تقویت بخشیں گے۔

دو روزہ کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مہمانانِ گرامی اور منتظمین کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ابھرتے ہوئے اسکالرز اینڈ ریسرچرز کو اکیڈمک ریسرچ پیپرز اور آرٹسٹک ورک میں شراکت کے ذریعے کئی اہم مسائل میں مشغول دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ جغرافیائی سیاست کو تلاش کرنے اور سمجھنے سے، ہم اپنے خطے اور اپنے ملک کیلئے ایک روشن مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں۔