کوئٹہ: بلوچستان سے اندورن ملک ٹرینوں کی آمد و رفت کے لئے ریلوے حکام نے آج سے مچھ ریلوے اسٹیشن سے ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا،
مسافروں کوبسوں کے ذریعے کوئٹہ لایا اور کوئٹہ سے لے جایا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق 26اگست کو دہشتگردوں کی جانب سے کولپور اور دوزان کے درمیان ریلوے کے پل کو تباہ کردیا گیا تھا
جس کے بعد مچھ سے کوئٹہ کا بذریعہ ریل رابطہ منقطع اور کوئٹہ سے پشاور، کراچی کے درمیان ٹرین سروس معطل ہوگئی تھی ۔ گزشتہ روز ریلوے حکام نے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ مسافروں کو ماضی کی طرح بسوں میں کوئٹہ سے مچھ اور مچھ سے کوئٹہ لایا اور لے جایا جائے گا
جبکہ اندورن ملک ٹرینیں مچھ سے چلائی جائیں گی ۔ اس حوالے سے ڈویژنل سپرٹینڈنٹ ریلوے کوئٹہ عمران حیات کی جانب سے آئی جی ایف سی کومراسلہ لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ دوزان اور کولپور کے درمیان تباہ ہونے والے پل کی دوبارہ تعمیر کے لئے 45دن کا وقت درکار ہے
ماضی میں کوئٹہ اور مچھ کے درمیان ٹرانزٹ سروس کے لئے لیویز اہلکاربسوں پر تعینات کئے جاتے تھے تاہم اب بتایا گیا ہے کہ یہ لیویز اہلکار سیکورٹی سروس فراہم نہیں کریں گے جس کے بعد ریلوے حکام چاہتے ہیں کہ ایف سی کی جانب سے آج سے چلائی جانے والی بسوں کیلئے سیکورٹی فراہم کی جائے ۔