|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2024

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نوجوانوں کو محض مسقبل کے ایک اثاثہ کے طور پر تسلیم کرنا کافی نہیں ہے

بلکہ انہیں درست سمت میں فکری رہنمائی، مناسب باعزت روزگار اور گرومنگ کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے معاشرہ کسی نوجوان کا ضائع ہونا صرف اس کا ذاتی المیہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے اجتماعی مستقبل کا نقصان بھی ہے. اسطرح نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرنا دراصل اپنے اجتماعی مستقبل میں سرمایہ کاری کرنے کے مترادف ہے.

ہماری کل آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے لہٰذا پالیسی ساز، فیصلہ سازی اور بجٹ سازی نوجوانوں کی شکل ہمارے اس اثاثے کو خصوصی طور پر ضرور ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے. اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم تاریخ کے ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں

جہاں فکری انتشار، ثقافتی الجھن اور بیروزگاری نوجوانوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ اسی لیے صحتمند سماجی اور فکری سرگرمیوں کو مضبوط و مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے جو تخلیقی صلاحیتوں، صحتمندانہ ماحول اور پروفیشنل ذہانت کو فروغ دیتی ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کیلئے دوستانہ ماحول بنانے کی ضرورت ہے

جو معاشی اور معاشرتی سرگرمیوں میں شرکت، شمولیت اور سماجی ذمہ داری کی حوصلہ افزائی کریں. نوجوانوں کیلئے زندگی کے چیلنجوں سے نمٹنے اور کامیابی سے آگے بڑھانے کیلئے بروقت فکری رہنمائی اور مناسب ماحول درکار ہیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ مستقبل نوجوانوں کا ہے اس ضمن میں حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے نوجوانوں کو ایک روشن، کامیاب اور بھرپور زندگی کی خاطر تمام ضروری سہولیات فراہم کریں.