|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2024

تربت: بی ایس او پجار کے مرکزی ترجمان نے کہاہے کہ مکران میڈیکل کالج کے طلباء گزشتہ کئی دنوں سے اپنے جائز اور بنیادی حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں بی ایس او پجار انکے تمام جائز مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتا ہے

اور مطالبہ کرتا ہے کہ طلبہ کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں، مرکزی ترجمان نے مزید کہاکہ بلوچستان کے مختلف میڈیکل کالجز کا یہی حال ہے کرپشن نے تعلیمی اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، حکومت اور حکمرانوں کی توجہ کرپشن اور ٹھیکے اور کمیشن پر ہے اور ہمارے تعلیمی ادارے بے یار و مدد گار ہیں، کالج انتظامیہ طلباء کی جائز حقوق کو دینے سے قاصر ہے،

طلباء کی پڑھائی کے وقت احتجاجی مظاہرہ کرنا ہمارے لیے تشویشناک ہے، تربت کی گرمی میں اتنے بڑی تعلیمی ادارے میں پچھلے چھ دن سے بجلی نہیں اور کوئی جنریٹر اور متبادل سہولیات نہیں ہونا کالج انتظامیہ، حکومت اور حکمرانوں کے لیے باعث شرم ہے، مرکزی ترجمان نے مزید کہاکہ کالج انتظامیہ،حکومت اور حکمران ہنگامی بنیادوں پر مکران میڈیکل کالج کے طلباء کی مطالبات تسلیم کریں اور عمل درآمد کریں بصورت دیگر بی ایس او پجار طلباء کی احتجاجی تحریک اور مظاہروں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے، اگر کالج انتظامیہ،حکومت وقت نے کوتاہی کی تو اس احتجاج کی حمایت میں بی ایس او پجار صوبہ بھر میں احتجاجی تحریک چلائے گی۔