کراچی: ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب سے گرفتار ٹارگٹ کلر کاشف عرف ڈیوڈ نے پولیس اہلکاروں، مسلم لیگ (ن) اور بہاری قومی موومنٹ کے رہنما سمیت 30 افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتارملزم کاشف عرف ڈیوڈ نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کئے ہیں جب کہ ملزم نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما زوہیراکرام ندیم ، بہاری قومی موومنٹ کے رہنما آفتاب ملک اورمتعدد پولیس اہلکاروں سمیت 30 افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ کاشف عرف ڈیوڈ 1995 سے ٹارگٹ کلر اجمل پہاڑی کی کلنگ ٹیم کا حصہ رہا جو 2005 سے متحدہ قومی موومنٹ کی رابط کمیٹی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے کہنے پر ٹارگٹ کلنگ ٹیم چلارہا تھا۔
دوسری طرف عزیز آباد کے علاقے مور پارک کے قریب زیرحراست ملزم کاشف عرف ڈیوڈ کی نشاندہی پر پکڑے گئے مہلک ہتھیاروں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، پکڑے گئے اسلحے میں 17 ایل ایم جی، 20 ایس ایم جی، 27 ایم ایم رائفلیں، 5 دستی بم ، 2 آر پی جی، 16 آوان بم، 8 ڈیٹو نیٹرز، 730 بور پستول، 230 بور رائفلیں اور مختلف اقسام کی 12 ہزار 300 گولیاں شامل ہیں جب کہ آپریشن کے دوران رینجرز کی 17 وردیاں بھی ملی تھیں۔