|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2016

ممبئی: سابق ہندوستانی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ اور بولی وڈ کے سابق اداکار اور سلمان خان کے والد سلیم خان کے درمیان اُس وقت لفظی جنگ شروع ہوگئی، جب سلمان خان کو رواں سال اگست میں ہونے والے ریو اولپمکس میں ہندوستان کی جانب سے خیر سگالی سفیر مقرر کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔ سلمان خان کے بطور خیر سگالی سفیر انتخاب کو ہندوستان کے کئی کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جن میں ملکھا سنگھ اور 2012 کے لندن اولمپکس میں ریسلنگ کے مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے یوگیشور دت بھی شامل ہیں، جن کا کہنا تھا کہ اداکار کے بجائے کسی کھلاڑی کو خیر سگالی سفیر بنانا چاہیے تھا۔ بس پھر کیا تھا، سلیم خان اپنے بیٹے سلمان خان کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اتر آئے اور ملکھا سنگھ کی سوانح حیات پر بننے والی فلم ‘بھاگ ملکھا بھاگ’ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملکھا جی یہ وہی فلم ہے، جس نے آپ کو ہندوستانیوں کے شعور میں زندہ رکھا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ 2013 کی مشہور فلم ‘بھاگ ملکھا بھاگ’ میں ملکھا سنگھ کا کردار فرحان اختر نے نبھایا تھا۔ والد کا فرض نبھاتے ہوئے سلیم خان نے، سلمان خان کی کھیل کے میدان میں کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا اور بتایا کہ وہ سائیکلنگ کے ماہر اور ویٹ لفٹر ہیں۔ دوسری جانب ملکھا سنگھ نے سلیم خان کے تبصروں کا جواب یہ کہہ کر دیا کہ فلم انڈسٹری نے ان پر فلم بنا کر کوئی احسان نہیں کیا، جبکہ فلم سے کروڑوں روپے بھی کمائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سلمان خان کے والد یہ کہہ رہے ہیں کہ میں نے کچھ غلط کہا، تو میں اس سے اتفاق نہیں کرتا، کیونکہ پوری قوم میرے موقف کو ٹھیک سمجھتی ہے اور میرے ساتھ ہے، جبکہ کسی اداکار کو کھیلوں کا خیر سگالی سفیر نہیں ہونا چاہیے۔