|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2024

کوئٹہ : ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سوبان دشتی کی زیر صدارت مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سیکیورٹی پلان اور دیگر امور کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ منظور احمد، ایس پی ٹریفک سٹی جہانگیر شاہ ،ایس پی لیگل ،سپریٹنڈنٹ آر ٹی اے کوئٹہ حمید اللہ محمد حسنی ،سپریٹنڈنٹ پی ٹی اے بلوچستان کے علاوہ کراچی روٹ کے حاجی حکمت لہڑی، سعیداحمد لہڑی ،تفتان روٹ سے عبدالمالک محمد حسنی ،حاجی محمود بادینی اور لاہور روٹ کے عتیق خان کاکڑ اور وزیر خان کاکڑ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں مسافروں کی پیش نظر سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹرز دن کے اوقات میں اپنی کوچز چلائیں گے۔اجلاس میں کہاگیا کہ رات کے اوقات میں کانوائے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کے لیے سیکورٹی ادارے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرکے عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

جبکہ قومی شاہراہوں پر گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔اس موقع پر ٹرانسپورٹروں نے اپنے تحفظات سے اگاہ کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے کہاکہ عوام کے تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ یونین بھر پور تعاون کریں تاکہ اس غیر معمولی حالات کے پیش نظر ایسی پالیسی واضح کی جائے

جس سے قومی شاہراہوں پر عوام کا تحفظ ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز دن کے اوقات میں سروس چلائیں تاکہ عوام کو سفر اور انتظامیہ کو اقدامات اٹھانے میں آسانی ہو۔عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لہذا ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے عوام کا تحفظ یقینی اور سفر آسان ہوسکے۔