کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 6 ستمبر یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایسا دن ہے
کہ جو ہمیں اپنے پیارے وطن کے تحفظ،سالمیت اور دفاع کے لئے اجتماعی قومی جذبہ اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھنے کا درس دیتا ہے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران کیا
کہ جس دن ہماری بہادر مسلح افواج اور پوری قوم نے متحد ہو کر یہ ثابت کر دیا کہ اتحاد اتفاق اور ایمان کی طاقت کے سامنے ہتھیاروں یا تعداد کی کثرت کوئی معنی نہیں رکھتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ تاریخی دن تھا کہ جب ہماری افواج نے دشمن کے قدم اکھاڑ دئیے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن گئے جب عددی تعداد میں کم ہونے اور جنگی سامان کی قلت کے باوجود ہماری افواج نے جزبہ ایمانی جوان مردی جرات اور بہادری کا عظیم الشان مظاہرہ کیا اور پاک فوج نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے بھارتی افواج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہماری بہادر افواج نے ملک اور قوم کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ملک کو ہمیشہ دشمن کی میلی نگاہوں سے محفوظ بنایا ہے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم دفاع اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے اور ہمیشہ اپنے ملک کے دفاع ترقی سالمیت اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر بحیثیت محب وطن پاکستانی اپنا کردار ادا کرینگے انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور تخریب کار عناصر کے خلاف صوبے کے عوام ہمیشہ اپنی بہادر افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ان کے مضبوط بازو بنے ہیں
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت برتی نہیں جائے گی صوبائی حکومت اپنے سکیورٹی اداروں کے تعاون سے اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گی اور صوبے میں تخریب کاری، انتشار اور دہشت گردی پھیلانے والوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا وزیر اعلیٰ نے یوم دفاع کے موقع پر وطن عزیز کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔