|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2016

میڈرڈ: یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں آج ایٹلیٹکو میڈرڈ کی ٹیم کا مقابلہ بایرن میونخ سے ہو گا جہاں وہ جرمن ٹیم سے 42 سال قبل ہونے والی شکست کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گی۔ 1974 میں یورپیئن کپ کہلائے جانے والے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بایرن نے ایٹلیٹکو کو شکست دے کر لگاتار تیسرے سال فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کردیا تھا۔ ہیسل میں کھیلے گئے اس میچ میں ایٹلیٹکو کے لوئس ایراگونز نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی تاہم میچ کے آخری لمحات میں دفاعی کھلاڑی ہینس جیارج نے گول اسکور کر کے مقابلہ برابر کردیا لہٰذا اس وقت کے قوانین کے مطابق دوبارہ میچ کھیلا گیا جس میں بایرن نے 4-0 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔ چار دہائیوں بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ریال میڈرڈ کے خلاف میچ میں انہیں 1-0 کی برتری حاصل تھی لیکن میچ کے 93ویں منٹ میں سرجیو راموس نے ہیڈر پر گول کر کے مقابلہ برابر کردیا اور پھر ایکسٹرا ٹائم میں ریال میڈرڈ نے مزید تین گول داغ کر میچ میں 4-1 سے کامیابی اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔ تاہم اس سال ایٹلیٹکو کے پاس ناصرف بایرن میونخ سے 42 سال پرانی شکست کا بدلہ لینے بلکہ پہلی مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کا بھی نادر موقع ہے جہاں وہ اس سے قبل ایونٹ کی فیورٹ اور دفاعی چیمپیئن بارسلونا کی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر پہلے ہی ایونٹ سے باہر کر چکے ہیں۔
لیون ڈاؤسکی اور تھامس ملر پر مشتمل بایرن میونخ کا اٹیک اب تک ایونٹ میں 16 گول اسکور کر چکا ہے۔ فوٹو رائٹرزلیون ڈاؤسکی اور تھامس ملر پر مشتمل بایرن میونخ کا اٹیک اب تک ایونٹ میں 16 گول اسکور کر چکا ہے۔ فوٹو رائٹرز
  لالیگا میں بھی شاندار کارکردگی دکھانے والی ایٹلیٹکو کی ٹیم کو اس میچ کیلئے دفاعی کھلاڑی ڈیاگو گوڈن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جس کا مطلب یہ ہوا کہ ایونٹ میں اب تک مجموعی طور ہر 16 گول داغنے والے تھامس ملر اور روبرٹ لیون ڈاؤسکی پر مشتمل بایرن کے اٹیک کو روکنے کا انحصار نوجوان کھلاڑیوں جوز گیمنز اور لوکاس ہرنینڈز پر ہو گا۔ گیمنز نے کہا کہ یہ میچ بارسلونا کے خلاف سے زیادہ مشکل ہو گا، ان کے پاس مختلف طرح کے ہتھیار ہیں لیکن وہ بھی اسی طرح کی فٹبال کھیلتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ رات ان کیلئے زیادہ اچھی ثابت نہیں ہو گی اور ہم اچھے نتائج حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ تجربے کی بنیاد پر جرمن چیمپیئن ٹیم کو اپنے ہسپانوی حریف پر واضح برتری حاصل ہے جہاں اس نے لگاتار پانچویں مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے تاہم گزشتہ دو سال انہیں بالترتیب ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔ بایرن کی ٹیم اپنے منیجر پیپ گارڈیولا کو جانے سے قبل چیمپیئنز لیگ میں فتح کا تحفہ دینا چاہتی ہے جن کی کوچنگ میں وہ لگاتار تیسرے سال جرمن بنڈس لیگا جیتنے سے محض ایک فتح کے فاصلے پر ہیں۔ بایرن کے گول کیپر مینوئل نوئر نے کہا کہ ہمیں تیار رہنا ہو گا، ، ہم جانتے ہیں کہ ایٹلیٹکو کا کھیل ان سب سے ٹیموں سے کافی مختلف ہے جن کا ہمارا اب تک سامنا ہوا ہے، انہوں نے بارسلونا کو ایونٹ سے باہر کیا اور ہمیں اپنے کوچ سے معلوم ہوا ہے کہ ہمارا سامنا ایک انتہائی خطرناک ٹیم سے ہو گا۔