کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کی تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے سفری سہولیات کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پارلیمانی سیکریٹری برائے ٹرانسپورٹ، ایم پی اے عبدالمجید بادینی کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ صوبے میں خواتین کی تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں محفوظ، بااعتماد اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے خواتین، خصوصاً طالبات کے لیے خصوصی بسیں چلانے اور کرایوں میں کمی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات صوبے کی خواتین کو تعلیمی اور پیشہ وارانہ میدان میں مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ صنفی برابری اور خواتین کے حقوق کو مؤثر انداز میں فروغ دیا جاسکے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین کے لیے مخصوص اقدامات کے حوالAے سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کی شمولیت کو یقینی بنائے بغیر بلوچستان کی ترقی ممکن نہیں، اس حوالے سے حکومت کا عزم پختہ ہے کہ خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔