کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ محکمہ صنعت سے تربیت یافتہ افراد کو اپنی کاروباری صلاحیتیں نکھارنے کے لئے محکمہ ترقی نسواں اپنے انکیوبیشن سینٹرز کے ذریعے مواقع فراہم کرنے کو تیار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز انیس گورگیج نے صوبائی مشیر محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو محکمے کے امور پر جامع بریفننگ دی اور محکمہ انڈسٹریز کے زیر انتظام کام کرنے والے وئیر ہاوس اور ڈسپلے سینٹرز کا دورہ بھی کروایا۔اس موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا
کہ محکموں کے درمیان تعاون سے وسائل اور مہارت کو یکجا کر کے بلوچستان میں خواتین کی معاشی خودمختاری کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مارکیٹ حکمت عملی اور ای کامرس پلیٹ فارمز کے استعمال سے ممکنہ منڈیوں کی نشاندہی کر کے خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو خود مختار اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے محکمہ ترقی نسواں دیگر محکموں کیساتھ مل کر مختلف منصوبوں پر کام کرنے کیلئے سرگرم ہے۔